پورے ملک سے صیہونی فوجیوں کو نکلنا ہوگا: لبنانی فوج
لبنانی فوج نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو ملک کے ہر خطے سے باہر نکلنا پڑے گا ۔
لبنان کی فوج نے اس ملک میں اقوام متحدہ کی محافظ امن فوج یونیفل کے کمانڈراسٹیفن ڈل کول کے ساتھ اجلاس کے اختتام پرایک بیان جاری کیا ہے ۔لبنانی فوج نے اپنے اس بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوج کو شبعا فارمز ، کفرشوبا پہاڑیوں ، شمالی الغجر اور بی ون مقبوضہ علاقوں سمیت لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے باہر نکلنا پڑے گا۔
لبنانی فوج نے اس بیان میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی حکومت پر لبنانی علاقوں میں جارحیت اور کشیدگی پیدا کرنے کا سلسلہ بند کرانے کے لئے دباؤ ڈالے۔
مارچ انیس سو اٹھتر میں منظور ہونے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد چارسو پچیس اور چار سو چھبیس کے مطابق جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی محافظ امن فوج تعینات کی گئی ہے ۔ محافظ امن فوج کا مقصد لبنان سے صیہونی حکومت کے باہر نکلنے کی تصدیق کرنے کے ساتھ ہی علاقے میں امن بحال کرنا ہے ۔