امریکی سازشوں کے خلاف مقبوضہ بیت المقدس میں مظاہرہ
مقبوضہ قدس کے فلسطینیوں نے آج فتح تنظیم کے سابق رکن محمد دحلان کو محمود عباس کی جگہ فلسطینی انتظامیہ کا سربراہ بنانے سے متعلق امریکی فیصلے اور سازش کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مظاہرین نے آج ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں فلسطینیوں کے خلاف امریکی سازشوں اور امریکی ریشہ دوانیوں کے خلاف نعرے لگائے اور محمد دحلان کو اسرائیل کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قدس شریف تمام فلسطینیوں کا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم محمد اشتیه نے امریکی سفیر کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی اس قسم کی سازشوں سے دکھائی دیتا ہے کہ امریکہ کو سیاسی شکست ہوئی ہے۔
اس سے قبل فلسطینی انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابوردینه نے بھی فلسطینی صدر محمود عباس کو ہٹانے اور ان کی جگہ فلسطینی تنظیم فتح کے سابق رہنما محمد دحلان کو نیا صدر بنانے سے متعلق مقبوضہ علاقے میں امریکی سفیر ڈیوڈ فرائیڈمین کے بیان پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف فلسطین کے عوام ہی اپنے رہنماوں کو منتخب کرتے ہیں۔
نبیل ابوردینه نے کہا کہ امریکہ فلسطینی انتظامیہ پر دباو ڈال کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے اور امریکہ کی یہ پالیسی بھی ناکام ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر قیمت پر امن و صلح قابل عمل نہیں ہے اور اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کی برقراری اور غرب اردن کا الحاق کسی بھی طور قابل قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل روز اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فرائیڈمین نے کہا تھا کہ امریکہ فلسطینی صدر محمود عباس کو ہٹانے کا سوچ رہا ہے اور ان کی جگہ فلسطینی تنظیم فتح کے سابق رہنما محمد دحلان کو فلسطین کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔