رحلت رسولۖ اسلام اور شہادت امام حسن(ع) پرعالم اسلام سوگوار و عزادار
عالم اسلام رحلت رسولۖ اسلام اور شہادت امام حسن (ع) پر سوگوار و عزادار ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے گوشہ و کنار میں رسول خدا (ص) کی رحلت اور فرزند رسول خدا حضرت امام حسن مجتبی (ع) کی شہادت کا غم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ تاہم اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے عزاداری کے مراسم طبی اصولوں کے مد نظر منعقد ہو رہے ہیں اور علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت اطہار علیھم السلام بیان کر رہے ہیں۔ عزادار، رسول اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کرکے اشک غم بہا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو پرسہ دے رہے ہیں۔
کل رات سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ انتیس صفر المظفر سنیچر17 اکتوبر یعنی آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔
عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کےدیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا اور ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔
سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام ناظرین، سامعین اور کرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔