Feb ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • حکمتیار کے جنگ پسندانہ بیانات پر افغان حکام برہم

افغانستان کی حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمتیار کے جنگ پسندانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر اس ملک کے حکام نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے حکمتیار کے پست بیانات پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ افغانستان میں طاقت و دھمکی کی زبان استعمال کئے جانے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔

عبداللہ عبداللہ نے افغان حکومت کے مخالف گروہوں منجملہ حکمتیار کو خبردار کیا ہے کہ ایسے دھمکی آمیز بیانات سے پرہیز کریں جو ملک کو جنگ کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

 افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو افغانستان کے سیاسی حالات کو سمجھنا چاہئے اور ان حالات میں عوام کو توقع ہے کہ مخالف گروہوں کے سربراہ ، ملک کو اس سے زیادہ بدامن اورغیرمستحکم نہیں کریں گے۔

افغانستان کی حزب اسلامی کے سربراہ حکمتیار نے اتوار کو افغان حکومت کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس گروہ کے قیدیوں کو جلد ہی غیر مشروط طور پر رہا نہ کیا گیا تو وہ، صدر ہاؤس کو گھیرکر اشرف غنی سے حکومت چھین لیں گے۔

ٹیگس