امریکہ کی نئی پابندیاں اس کے دعووں کے برعکس: انصاراللہ
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i382124-امریکہ_کی_نئی_پابندیاں_اس_کے_دعووں_کے_برعکس_انصاراللہ
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو یمن میں واشنگٹن کی جانب سے امن و صلح کی برقراری کے منافی قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Mar ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۴:۲۳ Asia/Tehran
  • امریکہ کی نئی پابندیاں اس کے دعووں کے برعکس: انصاراللہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو یمن میں واشنگٹن کی جانب سے امن و صلح کی برقراری کے منافی قرار دیا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیاں نئی نہیں ہیں اس سے قبل بھی امریکہ اس قسم کی پابندیاں عائد کر چکا ہے تاہم امریکہ کی نئی حکومت کی جانب سے اس قسم کی پابندیوں سے دکھائی دیتا ہے کہ اسے یمن میں صلح سے کوئی دلچسپی نہیں اور وہ یمن پر جارحیت اور محاصرے کے جاری رہنے کا حامی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کی وزارت خزانہ نے منگل کے روز یمنی قوم کے خلاف واشنگٹن کے معاندانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یمن کی استقامتی فورسز کے دو کمانڈروں پر پابندی عائد کر دی ۔ امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ اس نے یمنی بحریہ کے کمانڈر منصور السعیدی اور فضائیہ، ائیر ڈیفنس اور ڈرون یونٹ کے کمانڈر احمد علی احسن الحمزی کو ان افراد کی لسٹ میں شامل کر لیا ہے جن پر اس نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی جنگ و جارحیت کا سب سے بڑا حامی ہے اور یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اب تک بارہا اپنی دستاویزات سے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ یمنی عوام کے قتل عام سے متعلق سعودی اتحاد کے اقدامات کی امریکہ حمایت کرتا رہا ہے اور یورپ و امریکہ کے ہتھیاروں سے ہی یمنی عوام کے بہیمانہ قتل عام جیسے جرائم کا ارتکاب کیا جاتا رہا ہے۔