Mar ۱۰, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۵ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کی جانب سے فوجی صنعتوں کی رونمائی

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمنی فوج کی جانب سے دفاعی صنعتوں خاص طور سے دفاعی اسٹریٹیجک ہتھیاروں اور سازوسامان کی رونمائی کی جائے گی۔

 یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج آئندہ دو دن میں سید حسین بدرالدین الحوثی کی شہادت کی برسی کے موقع پر دفاعی صنعتوں کی رونمائی اور دفاعی شعبے میں اپنے ملک کی قابل ذکر پیشرفت کی نمائش کرے گی۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن علی القحوم نے بھی کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت کئی گنا زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ جارح ملکوں کے لئے ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو گئی ہے۔القحوم نے کہا ہے کہ آل سعود حکومت اگر وحشیانہ جارحیت اور اپنے غلط اقدامات کا سلسلہ یونہی جاری رکھتی ہے تو یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے بھی جوابی حملے کئے جاتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ اب ایسے جوابی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے کہ سعودی اتحاد کے ممالک میں تہلکہ مچ جائے گا۔ انھوں نے المیادین ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے بیلسٹک میزائل دشمنوں کے لئے ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو گئے ہیں۔

علی القحوم نے یمنی قوم کو شکست دینے کے لئے سعودی عرب کے مذموم مقاصد کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی قوم بہادر قوم ہے جو ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتی ہے اور یمن کی مسلح افواج کی طاقت و توانائی میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب شرمناک اتحاد قائم کر کے بھی یمنی قوم کو شکست نہیں دے سکا ہے اور نہ ہی یمنی قوم کے ارادے کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔

علی القحوم نے کہا کہ مآرب کو آزاد کرانے کی کارروائی بدستور جاری رہے گی اور دشمنوں کو اس بات کو نہیں بھولنا چاہئے کہ مآرب یمن کا صوبہ ہے اور یمنی عوام اپنے ملک کے اس مقبوضہ صوبے کو آزاد کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ایک مہینہ پہلے صوبہ مآرب کی آزادی کے لئے آپریشن شروع کیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران یمنی فوج اور رضاکار فورس کے جوانوں کو بہت سی بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور فوج نے سعودی اتحاد کو کاری ضرب لگائی ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب کے کئی علاقوں کو اپنے جوابی حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور ابہا اور ملک خالد ہوائی اڈوں اور راس التنورہ بندرگاہ کو بارہا اپنے ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ جارح سعودی اتحاد نے امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے جاری رکھا ہے ۔ اب تک سعودی جارحیت میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں ہزار بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ فقط سعودی اتحاد اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوا ہے بلکہ اسے پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹیگس