افغانستان میں طالبان کے مزید باون افراد ہلاک
افغانستان کی فوج کی تازہ ترین کارروائی میں طالبان کے باون افراد ہلاک ہوگئے-
افغانستان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے باون افراد صوبہ سمنگان ، زابل ، اوروزگان ، قندھار اور ننگرہار میں فوج کی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں مارے گئے ہیں۔
ان کارروائیوں میں طالبان کے دیگر چوبیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ افغانستان کی وزارت دفاع نے اس سے پہلے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ قندھار، بدخشاں ، غزنی ، ھرات ، بغلان اور ارزگان صوبوں میں طالبان کے ایک سو سترہ افراد مارے گئے ہیں ۔
افغانستان کے مختلف علاقوں میں حکومت اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں شدت آگئی ہے اور گذشتہ دنوں میں فریقین کے جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔ افغانستان کے بعض ذرائع نے طالبان کے ساتھ جھڑپ میں دسیوں افغان سیکورٹی اہلکاروں کی بھی ہلاکت کی خبردی ہے یہ حملے اورجھڑپیں ایسے عالم میں جاری ہیں کہ حکومت افغانستان اور طالبان اس ملک میں جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے لئے رواں مہینے میں ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔