سلطان عرب و عجم حضرت امام رضا (ع) کی ولادت مبارک ہو
فرزندرسولۖ، سلطان عرب و عجم حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام گیارہ ذی القعدہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے- امام رضا علیہ السلام کے علم کا اتنا شہرہ تھا کہ رضا کے ساتھ ساتھ آپ کو عالم آل محمد کے نام سے بھی شہرت حاصل تھی- آپ کا اسم گرامی علی اور کنیت ابوالحسن ہے۔
سلطان عرب و عجم حضرت امام رضا (ع) کی ولادت با سعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں خاص طور سے مقدس شہروں مشہد و قم کی سڑکوں اور تمام مقدس و مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے طبی اصولوں پرعمل کرتے ہوئے اور سماجی فاصلے کا لحاظ کرتے ہوئے آپ کے شیدائی محفل میلاد اور جشن کے پروگراموں میں شرکت کر رہے ہیں اور علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام رضا علیہ الصلوات و السلام کے فضائل بیان کر رہے ہیں۔
مشہد مقدس میں آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ الصلوات و السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے حرم رضوی نورو سرور اور جشن و خوشی میں ڈوبا ہوا ہے۔ ہر طرف جشن و سرور کا سماں ہے، حرم مطہر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ چراغاں کیا گیا ہے، ہر طرف نور ہی نور اور خوشی ہی خوشی ہے۔
دنیا کے دوسرے ممالک خاص طور سے عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان، بحرین، یمن اور دیگر ملکوں کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے جشن و سرور کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں یکم ذی القعدہ جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت سے گیارہ ذی القعدہ حضرت امام رضاعلیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت تک کے ایام کو عشرہ کرامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک خوشی و مسرت کے اس موقع پر اپنے تمام کرم فرماوں، سامعین اور ناظرین کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہے۔