نابلس اور جنین میں فلسطینیوں پر حملہ، دسیوں زخمی
غاصب اسرائیلی فوجیوں نے نابلس اور جنین میں احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کرکے متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔
امدادی تنظیم ہلال احمر کے مطابق اس کے عملے نے نابلس کے جنوبی قصبے بیتا میں قابض صہیونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے آغاز کے بعد 83 زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی۔
بیان میں بتایا گیا کہ زخمیوں میں 8 افراد براہ راست فائرنگ، 55 آنسو گیس کی شیلنگ اور 10 لوہے کے خول میں لپٹی گولیوں سے زخمی ہوئے۔
ہلال احمر کے ترجمان نے مزید کہا کہ صہیونی فوجیوں نے جان بوجھ کر امدادی عملے کو نشانہ بنایا اور اس کے ایک کارکن کے سینے پر شدید چوٹ لگی ہے۔
صہیونی فوجیوں نے نابلس کے مشرق میں ہفتہ وار بیت دجن مارچ کو کچلنے کے لیے طاقت کا بھرپور استعمال کیا۔ یہ مارچ مشرقی علاقے میں نماز جمعہ کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ قابض صہیونی فوجیوں نے جبا قصبے کے قریب مسجد پر ہلا بولا اور نمازیوں کو زبردستی باہر نکال دیا۔