قنیطرہ میں اسرائیلی پرچم لہرانے پر شامی عوام شدید غم و غصے میں
شام کے شہر قنیطرہ میں غاصب اسرائیل کے جھنڈے کے لہرائے جانے پر شامی عوام نے سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: ذرائع ابلاغ نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے شام کے شہر قنیطرہ کے ایک میدان میں اپنا پرچم لہرا دیا ہے، جس نے شامی شہریوں کے جذبات کو شدید مجروح کیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیلی فوجی شام کے قنیطرہ شہر کے وسط میں پرچم لہراتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور اس دوران وہ صہیونی ترانہ "ہاتیکوا" بھی پڑھ رہے ہیں۔
یہ اشتعال انگیز اقدام شامی عوام میں سخت غصے کا باعث بنا اور سوشل میڈیا پر اس موضوع کے حوالے سے وسیع ردعمل سامنے آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو ایک تباہ حال علاقے میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاں صہیونی فوج نے اپنی تازہ جارحیت اور سرحدی دراندازی کے بعد ایک نیا فوجی اڈہ قائم کیا ہے۔
یہ اشتعال انگیز مظاہرہ اس شہر میں کیا گیا جو کئی دہائیوں تک صہیونی قبضے کی سختیاں جھیلنے کے بعد آزاد ہوا تھا، اور یہی امر شامی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ثابت ہوا۔