ہندوستان میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے آر ایس ایس کی تعریف پر اپوزیشن کی سخت تنقید
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت نے ملک میں انتہاپسندی اور منافرانہ جذبات کو فروغ دینے کے الزام سے روبرو ملک گیر آر ایس ایس تحریک کی تعریف کرنے پر وزیر اعظم نریدر مودی پر سخت نکتہ چینی کی ہے-
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق آر ایس ایس کی تعریف پر کانگریس نے وزیر اعظم مودی کو برطانوی سامراج کے خلاف جد و جہد کے لئے پہچانے جانے والے سردار پٹیل کا خط یاد دلایا، جو انہوں نے انیس و اڑتالیس میں تحریر کیا تھا اور اس میں انہوں نے آر ایس ایس کی سرگرمیوں کو حکومت اور قوم کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے نریدر مودی کے دعوے کا جواب دیتے ہوئے انہیں اٹھارہ جولائی انیس و اڑتالیس کو شَیاما پرساد مُکَھرجی کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے وزیر داخلہ سردار پٹیل نے صاف لکھا تھا کہ آر ایس ایس کی سرگرمیاں حکومت اور قوم دونوں کے لیے خطرہ ہیں۔ جے رام رمیش نے وزیر اعظم مودی سے استفسار کیا کہ کیا وہ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ مہاتما گاندھی کے قتل کے چند ہی ماہ بعد سردار پٹیل نے خود آر ایس ایس کے بارے میں کتنے سنگین خدشات ظاہر کیے تھے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آر ایس ایس تحریک کی صد سالہ تقریب کے موقع پر اس کی جم کر تعریف کی جبکہ ایک ڈاک ٹکٹ اور ایک سکہ بھی اس مناسبت پر جاری کیا