افغانستان کی اعلی سیاسی اور جہادی قیادت کا مشترکہ اجلاس
Aug ۰۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
افغانستان کے صدر اور دیگر اعلی سیاسی و جہادی رہنماؤں نے ملک کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
پیر کے روز کابل کے ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس کے دوران صدر اشرف غنی نے طالبان کے مقابلے میں سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور عوامی قوتوں کو منظم کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
افغانستان کے سابق نائب صدر محمد یونس قانونی نے بھی دشمن کے مقابلے میں حکومت اور سیکورٹی اداروں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو عشروں کی جمہوری اقدار کو ہر حال میں محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔
افغان صدر اور اعلی سیاسی و جہادی رہنماؤں کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب طالبان نے امریکی فوجیوں کے انخلا کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں پر حملے تیز کردیے ہیں اور کئی اہم گزرگاہوں سمیت ملک کے وسیع و عریض رقبے پر قبضہ کرلیا ہے۔