جمہوری حکومت کا قیام بحرینی عوام کا بنیادی مطالبہ، جمعیت الوفاق
بحرین کی جمعیت الوفاق نے ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کوعوام کا پہلا بنیادی مطالبہ قرار دیا ہے۔
صوت المنامہ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت الوفاق نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ بحرین میں ڈیموکریسی، آزادی، انصاف اور انسانی حقوق کے احترام کو عملی جامہ پہنانے کے سوال پر دیگر ملکوں کو مطمئن کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ بحرینی نظام حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اہداف کو عملی جامہ پہنائے۔
جمعیت الوفاق نے بیان میں کہا ہے کہ بحرین کے تمام عوام ظلم و استبداد، تسلط پسندی، حکومتی اجارہ داری، بدعنوانی، ناانصافی، سماجی انتشار، حقوق کی پامالی، طاقت کے بل پر ملک چلانے اور حکمراں گروہ کے سامراجی افکار کی بنیاد پر قوانین کومسلط کرنے کے خلاف ہیں۔
جمعیت الوفاق نے اپنے بیان میں زور دے کر کہا کہ کامیاب سیاسی راہ حل اور مصالحت کی تحریک کو روکنے کے لئے بحرینی حکومت کے سخت اقدامات سے اس کی بیمار، کمزوراور ناصالح ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ نہ صرف شہریوں کے خلاف بلکہ وطن اور اس کے مستقبل کے خلاف جنگ ہے اور آل خلیفہ حکومت ملک کی دولت زیادہ سے زیادہ سے لوٹنے پربضد ہے۔
بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ کی موروثی اور ڈکٹیٹرحکومت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں جسے وہ سعودی فوجیوں کی مدد سے سختی سے کچلنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔