Aug ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۱ Asia/Tehran
  • ایرانی آئل ٹینکر نے امریکہ اور اسکے ہمنواؤں کے اندازوں پر پانی پھیر دیا: رکن پارلیمنٹ لبنان

لبنان میں الوفاء للمقاومہ نامی دھڑے کے رکن پارلیمنٹ نے ملک میں جاری بحران میں امریکہ کے تخریبی کردار پر سخت تنقید کی ہے۔

المنار نیوز چینل کے مطابق لبنانی رکن پارلیمنٹ حسن فضل اللہ نے کہا کہ ایندھن کے حامل ایران کے بحری جہاز نے خطے بالخصوص لبنان کے سلسلے میں امریکہ اور اس سے وابستہ تمام گروہوں اور تنظیموں کے غلط اندازوں پر پانی پھیر دیا۔

فضل اللہ نے مزید کہا کہ در حقیقت یہ ناکامی زیادہ تر اُن افراد کی ہوئی ہے جو لبنانی عوام کو خوار کرنے اور محاذ استقامت کو چوٹ پہنچانے کے درپے تھے، وہی محاذ جس نے بیرونی دشمن کے مقابلے میں استقامت و پامردی کا مظاہرہ کیا ہے۔

لبنانی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ امریکہ لبنانی عوام کا پیسہ ملک میں واپس نہیں آنے دے رہا ہے اور وہ غیر ملکی امداد کے لبنان پہنچنے میں بھی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے تخریبی اقدامات نے پیٹرولیم مصنوعات اور ایندھ کی درآمدات میں روڑے اٹکائے ہیں جبکہ ان برآمدات کے لئے امریکی فرمان کی ضرورت نہیں ہوتی۔

حزب اللہ سے وابستہ پارلیمانی دھڑے کے رکن فضل اللہ نے واضح کیا کہ حزب اللہ کا مقصد امریکی محاصرے اور حکومتی عہدے داروں کی ناتوانی کے باعث مشکلات سے روبرو لبنانی عوام کی مدد کرنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے ایندھن کے بحران سے دچار لبنان کے لئے ایندھن کا حامل ایک بحری جہاز ارسال کیا ہے جس کے بارے میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے یہ خبردار کر دیا تھا کہ اس آئل ٹینکر میں موجود تیل لبنان کے شیعہ تاجروں کی ملکیت شمار ہوتا ہے اور اُس پر ہر قسم کی جارحیت کو لبنان پر جارحیت تصور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ لبنان کو گزشتہ ایک سال سے سخت اقتصادی، سیاسی اور معیشتی بحران کا سامنا ہے اور اس پوری مدت کے دوران امریکہ نے نہ صرف اسکی کوئی مدد نہیں کی بلکہ بحران کی آگ کو مزید بھڑکانے کے لئے وہ مختلف بہانوں سے مشکلات کھڑی کرتا رہا ہے۔

 

ٹیگس