Aug ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • شام میں بن بلائے آئیں غیر ملکی افواج فورا باہر نکلیں: ایران

بن بلائے شام میں در اندازی کرنے والی غیر ملکی افواج کسی پیشگی شرط کے بغیر وہاں سے خارج ہوجائیں، یہ مطالبہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کی مستقل نائب مندوب زہرا ارشادی نے شام کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل نے قراراد پچیس پچاسی کے تحت اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے کہا ہے کہ وہ شامی عوام کی ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔

انھوں نے شام کے خلاف غیر قانونی اور یکجانبہ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں سے شام میں اقوام متحدہ اور اسی طرح مختلف دیگر سرکاری اور غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کی انسان دوستانہ کاروائیوں پر اثر پڑ رہا ہے اور امداد کا عمل کمزور ہوتا جا رہا ہے۔

زہرا ارشادی نے شام کے خلاف یکطرفہ غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس بات کا اطمینان حاصل کئے جانے کی ضرورت ہے کہ شام میں انجام پانے والی کاروائیاں وہاں کے ضروریات کے مطابق انجام پا رہی ہیں اور وہاں کے لوگوں کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شام کا مسئلہ پرامن طریقے سے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کئے جانے کی ضروری ہے، ساتھ ہی اس ملک کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کا احترام، شام کے امور میں عدم مداخلت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام اختلافات کا سد باب کیا جائے۔

اقوام متحدہ میں ایران کی مستقل نائب مندوب زہرا ارشادی نے کہا کہ شام کے بحران کے خاتمے کی راہ ہموار کرنے کے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ شام سے ایسے تمام غیر ملکی فوجی واپس چلے جائیں جو بن بلائے اور زبردستی وہاں داخل ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان فوجیوں کے غیر مشروط انخلا کی ضرورت ہے اور اسی کے ساتھ شام میں دہشت گرد گروہوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جانا بھی ضروری ہے۔

انھوں نے اسی طرح شام پر اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس قسم کے اشتعال انگیز اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں جو علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

زہرا ارشادی نے بیرونی مداخلت سے عاری شام کی آئین ساز کمیٹی کی سرگرمیوں کی ایران کی جانب سے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کی ارضی سالمیت اور یکجہتی کی بحالی نیز درپیش مسائل کے خاتمے کے لئے اس ملک کی حکومت اور عوام کی حمایت کرنے کے اصول پر کاربند ہے۔

ٹیگس