میڈیکل شعبے سے متعلق خواتین کام پر واپس آجائیں : طالبان کی اپیل
افغانستان میں طالبان نے اسپتالوں میں کام کرنے والی تمام خواتین سے کام پر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ تمام اسپتالوں میں کام کرنے والی خواتین سنیچر سے اپنے کام پر واپس آجائیں اور منظم طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
کابل سمیت افغانستان کے مختلف علاقوں پر طالبان کے کنٹرول کے بعد خواتین کے حجاب کا مسئلہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کی بعض سڑکوں کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ خواتین کی رفت و آمد بہت کم ہو گئی ہے اور جو خواتین باہر نکل رہی ہیں وہ مکمل حجاب میں ہوتی ہیں۔
اس سلسلے میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد اعلان کرچکے ہیں کہ جب تک طالبان اہلکاروں کو خواتین کے ساتھ پیش آنے کی ٹریننگ نہیں دے دی جاتی اس وقت تک افغان خواتین اپنے گھروں میں ہی رہیں تاہم کام پرجانے والی خواتین کو مکمل حجاب کی پابندی کرنا ہو گی۔