یمن، مآرب میں مسلح افواج کی مزید کامیابیاں، مقامی قبائل بھی صنعا حکومت کے ساتھ ملے
یمن کی مسلح افواج نے صوبہ مآرب میں پیشقدمی کرتے ہوئے مزید کئی علاقے آزاد کرا لئے ہیں۔
روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی رضا کار فورس انصارالله نے جنوبی مآرب کے علاقوں السوده اور الجرشه کو آزاد کرا لیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق انصارالله کے جوان، الختله اور یعره کے علاقوں تک پہنچ گئے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بہار فتح نامی آپریشن کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے مآرب کے الجوبہ اور جبل مراد اضلاع، پوری طرح آزاد ہوگئے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اس مرحلے کی کارروائی میں حاصل ہونے والی کامیابی میں مآرب کے قبائل کے نمایاں کردار پر، ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس آپریشن میں جارح سعودی اتحاد کے زرخرید ایجنٹوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ملکی افواج پورے ملک کو غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرا کر ہی دم لے گیں۔ انہوں نے مآرب کے شہریوں کو یقین دلایا کہ ملک کی فوج یمنی عوام کو سیکورٹی فراہم کرے گی اور ان کی جان و مال کی حفاظت کرے گی۔
اس سے قبل یحیی سریع نے بہار فتح نامی آپریشن میں صوبے مآرب کے جبل مراد اور الجوبہ اضلاع نیز صوبہ شبوہ کے عسیلان، بیجان ، اور عین اضلاع کی آزادی کی خبر دی تھی۔