پاکستان میں سفیر کی تعیناتی کی خبریں بے بنیاد ہیں: طالبان
افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اب تک افغانستان کے سفارت خانے میں کسی سیاسی نمائندے کا انتخاب عمل میں نہیں آیا ہے۔
افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان نے پیر کے روز کہا ہے کہ پاکستان میں افغانستان کے سفیر اور قونصل جنرلوں کی تعیناتی کی خبر بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔
اس سے قبل رویٹرز نیوز ایجنسی اور پاکستان کے بعض پریس ذرائع نے اسلام آباد میں افغانستان کے ناظم الامور کی حیثیت سے سردار محمد شکیب کو تعینات کئے جانے کی رپورٹ دی تھی۔ اگرچہ پاکستان نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو عالمی سطح پر تسلیم کئے جانے کی لابینگ کی ہے اور اس کی کوششیں بھی مسلسل جاری ہیں تاہم ابھی تک کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے، یہاں تک کہ خود پاکستان نے بھی طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان سے امریکیوں کے انخلا کے بعد طالبان نے پندرہ اگست کو اقتدار پر اپنا کنٹرول ہو جانے کا اعلان کیا ہے۔