حرم رضوی کے متولی کا روضاتِ کربلا کے نئے متولیوں کو مبارکبادی کا پیغام
فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے متولی نے دو الگ الگ پیغامات میں جناب حاج حسن رشید العبایجی اور جناب سید مصطفیٰ مرتضی عبود آل ضیاء الدین کوحرم امام حسین(ع) اور حرم حضرت عباس(ع) کے متولی مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی۔
فرزند رسول حضرت امام رضا (ع) کے روضۂ اقدس کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کا حرم امام حسین (ع) کے متولی کو مبارکبادی کا پیغام کچھ اس طرح ہے:
حرم امام حسین (ع) کے محترم متولی جناب عزت مآب انجینئر حاج حسن رشید العبایجی (دام عزّہ)
سلام علیکم
جناب عالی کو حرم امام حسین علیہ السلام کا متولی مقرر کئے جانے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔حضرت امام حسین عالی مقام (ع) کا حرم مطہر نزول ملائکہ کا مقام اور زمین والوں کے لئے پناہ گاہ ہے حرم مطہر کا گوشہ گوشہ’’وفدیناہ بذبح عظیم‘‘ کی بندگی و عبودیت کا مظہر ہے۔
یہ مقدس مقام اہلبیت اطہار(ع) کے چاہنے والوں اور محبوں کا مرکز رہا اور ہے۔ سید الشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کے زائرین اور چاہنے والوں کی خدمت بہت بڑی توفیق ہے اس لئے اس نعمت پر صبح و شام خدا کا شکر بجا لانا چاہئے۔
حضرت امام علی رضا (ع) کے حرم مطہر سے وابستہ مجموعہ، آستان قدس رضوی آپ کے لئے مزید کامیابی کی دعا کے ساتھ؛ روضۂ رضوی اور روضۂ حسینی کے مابین ثقافتی، علمی، تعمیراتی اور معاشی تعاون کے فروغ اور مشترکہ تجربات سے استفادہ کے لئے مکمل آمادگي کا اعلان کرتا ہے۔
حرم امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ آلاف التحیۃ والثناء میں آپ کی جانب سے نائب الزیارہ اور دعاگو ہوں۔
حجت الاسلام مروی کا حرم حضرت عباس (ع) کے متولی کو مبارک بادی کا پیغام کچھ اس طرح ہے:
حرم حضرت عباس (ع) کے محترم متولی عزت ماب جناب انجینئر سید مصطفی مرتضی عبود آل ضیاء الدین(دام عزّہ)
سلام عليكم
جناب عالی کو حرم حضرت عباس علیہ السلام کے حرم مبارک کا متولی مقرر کئے جانے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اہلبیت اطہار (ع) کے مقدس مقامات اور حضرت عباس (ع) کے چاہنے والوں اور زائرین کی خدمت ایک ایسی نعمت اور عطا ہے جس پر خدا کا شکر کرنا ضروری ہے، مراجع کرام کے تعاون سے دینی و قرآنی تعلیمات کے فروغ، زائرین کی خدمت اور ان کی زیارت کو آسان بنانے کا یہ قیمتی موقع ہے، اس سلسلے میں آستان قدس رضوی؛ حرم حضرت عباس (ع) کے ساتھ ہر طرح کا ثقافتی، علمی، تعمیراتی اور معاشی تعاون کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں روضات اقدس کے مابین مزید توسیع و ترقی کی راہ ہموار ہو۔
حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ آلاف التحیۃ والثناء کی مقدس و نورانی بارگاہ میں خداوند منان سے جناب عالی کی توفیقات خیر میں اضافہ کے لئے دعاگو ہوں۔