Mar ۲۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • مقبوضہ فلسطین میں ایک اور شہادت پسندانہ کارروائی، 2 صیہونی ہلاک 4 زخمی

فلسطین کے مقبوضہ علاقے میں دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پسندانہ کارروائی میں اسرائیل کے 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

المیادین کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے الخصیره  شہر میں صیہونی دہشتگردی سے تنگ آئے دو فلسطینی نوجوانوں نے ایک شہادت پسندانہ کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 اسرائیلی ہلاک و زخمی ہوئے۔ تاہم اسرائیلی ذرائع نے فلسطینی نوجوانوں کی اس کارروائی میں 2 اسرائیلی پلیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ کہا جا رہا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

شہادت پسندانہ کارروائی  کرنے والے فلسطینی غاصب صیہونی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز بھی مقبوضہ فلسطین کے بئر السبع علاقے میں صیہونی دہشتگردی سے تنگ آئے ایک فلسطینی نوجوان محمد غالب ابوالقیعان نے ایک شہادت پسندانہ کارروائی کی، جس میں 4 صیہونی ہلاک ہو گئے تھے۔

محمد غالب اس کارروائی کے بعد غاصب صیہونی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا۔ فلسطینی سورما کی اس کارروائی کے بعد علاقے میں موجود صیہونی باشندوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ فلسطین کی استقامتی تنظیموں نے نوجوان کی اس شہادت پسندانہ کارروائی پر اس کی قدردانی کی ہے۔

حماس نے اس کارروائی پر فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے واضح کیا  کہ غاصب صیہونی ٹولے کے ساتھ فلسطینیوں کی جنگ جاری رہے گی۔ فلسطین کی دیگر مزاحمتی تنظیموں جہاد اسلامی اور الاحرار نے بھی بئر السبع میں ہوئی شہادت پسندانہ کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونیوں کی جارحیتوں کو لگام دینے کا واحد راستہ ان کے خلاف ہر ممکن شکل میں استقامت و مزاحمت کو جاری رکھنا ہے۔

غور طلب ہے کہ فلسطین کی سرزمین پر قابض صیہونی دہشتگرد آئے دن مختلف بہانوں سے فلسطینیوں پر دھاوا بول کر انہیں شہید و زخمی کرنے کے علاوہ ان کے مکانات کو بھی مسمار کرتے رہتے ہیں اور تاحال اقوام متحدہ سمیت کوئی بھی عالمی تنظیم انہیں اپنی من مانیوں سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

 

ٹیگس