شب قدر میں حسن نصر اللہ کا خصوصی خطاب، داعش امریکہ اور اسرائیل کی پروردہ تنظیم ہے
لبنان کی عوامی انقلابی تحریک حزب اللہ کےسکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے شب قدر کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لبنان کو فتنہ اور بغاوت کی طرف لے جانے کی کسی کو اجازت نہیں دینی چاہیے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق، سید حسن نصر اللہ نے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے بہیمانہ حملوں اور افغانستان میں داعش دہشت گردوں کے مساجد پر مسلسل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ داعش دہشت گرد امریکہ اور اسرائیل کی پروردہ تنظیم ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہمیں لبنان کو فتنہ اور بغاوت کی طرف لے جانے کی کسی کو اجازت نہیں دینی چاہیے ۔ لبنان میں امن و سلامتی لبنانی قوم اور ملک کے مفاد میں ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے لبنان کے شمال میں طرابلس کے قریب کشتی ڈوبنے کےحادثے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے اور کئی درجن افراد کے لاپتہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، اس حادثے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ کشتی میں 60 مہاجر سوار تھے۔