فلسطین، بڑی جنگ کی آہٹ، فلسطینی گروہ تیار
فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے ایک رہنما نے صیہونی حکومت کے ساتھ فوجی تصادم کے امکان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی گروہ پوری طرح چوکس ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے ایک رہنما داؤد شہاب نے جمعرات کو تاکید کی کہ صیہونی حکومت کی جانب سے مسجد الاقصی کو وقت اور جگہ کے لحاظ سے تقسیم کرنے کی کوششوں کا جاری رہنا، فوجی تنازع کے نتائج پر منتج ہوگا۔
شہاب نے لبنان کی العہد نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ صورتحال فوجی تصادم کے قریب ہے اور مسجد الاقصیٰ میں ہونے والے واقعات، آگ سے کھیل کے مترادف ہیں جو دھماکے کا باعث بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت تیار ہے اور وقت اور جگہ کے لحاظ سے تقسیم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزاحمت صیہونیوں کے اقدامات کا مقابلہ کرے گی۔
شہاب نے المسیرہ نیوز نیٹ ورک کو یہ بھی بتایا کہ صہیونی دشمن، شمیر قدس آپریشن میں اپنی ذلت آمیز شکست کی تلافی کرنا چاہتا تھا لیکن ہمارا موقف مستحکم ہے اور ہم مسجد الاقصیٰ کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔
فلسطینی عہدیدار نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی گروہ عوامی طاقت اور رضاکاروں کو جمع کرنے میں مصروف اور ہائی الرٹ پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام مزاحمت کے طریقہ کار کی حمایت کرتے ہیں اور اسے اپنی سرزمین اور مقدسات کی حفاظت کا واحد راستہ سمجھتے ہیں۔