May ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۰۶ Asia/Tehran
  • قطر، کویت اور اردن نے کی  مسجد الاقصی پر حملے کی مذمت

قطر، کویت اور اردن نے انتہا پسند صیہونی آباد کاروں کی جانب سے مسجد الاقصی پر حملے کی مذمت کی ہے۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق قطر، کویت اور اردن کی وزارت خارجہ نے علیحدہ علیحدہ بیانات جاری کر کے انتہا پسند صیہونی آباد کاروں کی جانب سے  مسجد الاقصی پر جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف اس قسم کے غیر قانونی اقدامات کے خطرناک نتائج پر متنبہ کیا۔ ان بیانات میں اسلامی مقدسات کی توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس قسم کے حملوں کی فوری طور پر روک تھام کا مطالبہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ صیہونی آباد کاروں نے جمعرات کے روز فلسطین پر غاصبانہ قبضے کی اپنی سالانہ تاریخ کی مناسبت سے مسلمانوں کے قبلہ اول کو ایک بار پھر جارحیت کا نشانہ بنایا۔ اس رپورٹ کے مطابق، غاصب صیہونی آباد کار باب المغاربہ کی طرف سے مسجد الاقصی میں داخل ہو گئے اور مسلمانوں کے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اس سلسلے میں تحریک فتح نے تمام فلسطینیوں سے آمادہ رہنے اور دفاع کے لئے بیت المقدس اور مسجد الاقصی پہنچنے کی اپیل کی ہے۔

تحریک فتح نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے تمام علاقوں میں فلسطینیوں کی جانب سے دفاع کے طور پر مزاحمت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ تحریک فتح نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصی میں اعتکاف کریں اور مسجد کے صحن میں فلسطینی پرچم لہرائیں اور اس طرح سے صیہونی آباد کاروں کی جارحیت کا مقابلہ کریں۔

اس تحریک نے اعلان کیا ہے کہ بیت المقدس قلب فلسطین اور غرب اردن اور غزہ ان کے دو طاقتور بازو ہیں۔ الفتح تحریک کا کہنا ہے کہ فلسطین کے کسی بھی علاقے کو آزاد کرائے جانے کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوا جا سکتا۔

 

ٹیگس