May ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • قدس پر اسرائیل کی یلغار خطے کے امن و استحکام کے لئے خطرناک ہے: عرب لیگ

عرب لیگ نے مسجد الاقصی کو زمان اور مکان کی نظر سے تقسیم کرنے کی صیہونی کوشش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدس پر اسرائیل کی یلغار خطے کے امن و استحکام کے لئے خطرناک ہے۔

عرب لیگ کے جنرل سکریٹری احمد ابو الغیط نے صیہونی حکومت کے ہر اس موقف یا بیان کی پوری طرح مخالفت کی ہے جس کا مقصد بیت المقدس کی تاريخی و قانونی حیثیت کو بدلنا ہے۔ انہوں نے قدس اور مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کی حاکمیت اور مالکانہ حق کے بارے میں صیہونی وزیر اعظم نفتالی بنت کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ قدس کی تحفظ میں فلسطینی قوم کی مزاحمت و استقامت کی حمایت کرتے ہیں۔

احمد ابو الغیط نے کہا کہ مشرقی بیت المقدس اور اسکے مقدس اسلامی و عیسائی مقامات پر اسرائیل کے کسی بھی طرح کے حق کا دعوی، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جسے کوئی بھی تسلیم نہیں کرتا۔

دوسری طرف اردن کی پارلیمنٹ میں فلسطین سے متعلق کمیٹی نے صیہونی وزیر اعظم نفتالی بنت کے مسجد الاقصی پر اسرائیل کی حاکمیت پر مبنی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو ارب مسلمانوں کے صبر کا امتحان نہ لیں۔

اس درمیان صیہونی میڈیا میں ایسی رپورٹیں شائع ہوئي ہیں جن میں صیہونی وزیر اعظم نفتالی بنت کی حکومت کو ایک ہفتے کا مہمان بتایا گیا ہے۔ صیہونی میڈیا کے مطابق اس بات کا امکان پایا جاتا ہے کہ نفتالی بنت ایک ہفتے کے اندر اپنی حکومت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

ٹیگس