Aug ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • حضرت امام زین العابدین (ع) کا یوم شہادت آج

آسمان امامت و ولایت کے درخشاں ستارے فرزند رسول اور شیعیان عالم کے چوتھے امام، حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت اور اہل حرم کی اسیری کی یاد میں مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔

آج بروز بدھ 25 محرم الحرام کو فرزند رسول اور یادگار کربلا حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

عراق کے علاوہ ، پاکستان، ہندوستان اور دیگر ملکوں میں بھی آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت پر عاشقان نبی و آل نبی علیہم السلام عزاداری میں مصروف ہیں۔

حضرت امام زین العابدین علیہ السلام، سن 38 ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔ آپ نے ایسے دور میں زندگی بسر کی جو آل رسولۖ کے لئے بڑا سخت اور دشوار دور تھا۔

آپ کی تاریخ شہادت کے سلسلے میں مختلف روایات پائی جاتی ہیں تاہم سبھی تواریخ محرم میں ذکر ہوئی ہیں۔ بعض روایات کے مطابق ۱۲ محرم جبکہ بعض روایات کی بنا پر ۲۵ محرم کو آپ کی شہادت واقع ہوئی ہے۔ شہادت کے وقت آپ کی عمر مبارک 57 برس کی تھی۔

حضرت امام سجاد علیہ السلام نے، جو واقعہ عاشورا کے موقع پر بیمار تھے، عاشورا کے بعد حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم تحریک کا سنگین بار اپنے کاندھوں پر اٹھایا اور خونخوار اموی حکام  کے ایجاد کردہ گھٹن کے ماحول میں بھی آپ نے اپنے پدر بزرگوار کے پیغام اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا کام انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دیا اور تحریک عاشورا کے مقصد اور اس کے بنیادی فلسفے کو دنیا کے سامنے بڑے منفرد انداز میں واضح فرمایا۔

ٹیگس