فلسطینی نوجوان کی فائرنگ سے صیہونی فوجی ہلاک
فلسطینی مجاہدین نے جوابی کارروائی کے دوران ایک اور اسرائیلی فوجی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ نابلس شہر میں واقع شاوی شمرون نام کی صیہونی بستی کے قریب پیش آیا ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک فلسطینی نوجوان نے چلتی گاڑی سے صیہونی فوجیوں پر گولی برسانا شروع کردیا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارنوت نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند ہفتے کے دوران مقبوضہ غرب اردن میں ایسے واقعات کی تعداد میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ صیہونی غاصبوں پر مسلحانہ حملوں کے واقعات سب سے زیادہ جنین اور نابلس میں دیکھے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل صیہونیوں کو غزہ پٹی کی جانب سے سنجیدہ خطرہ لاحق تھا لیکن گذشتہ چند مہینے سے غرب اردن اور مقبوضہ سرزمینوں میں پیش آنے والے واقعات نے غاصب اسرائیلیوں کو بری طرح تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ فلسطینی مجاہدوں کی کارروائیوں سے صیہونیوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔