Oct ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی عوام شعفاط کیمپ کا محاصرہ توڑ ڈالیں: مزاحمتی محاذ

فلسطین سے موصولہ خبروں کے مطابق، مقبوضہ بیت المقدس میں واقع شعفاط کیمپ کو صیہونی فوجیوں نے محاصرے میں لے لیا ہے۔ فلسطینی استقامتی گروہوں نے اس جارحانہ اقدام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب افواج فلسطینیوں کا ارادہ توڑنے میں ناکام رہیں گے۔

المیادین نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی استقامتی گروہوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی اداروں اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ شعفاط کیمپ میں صیہونی غاصب افواج کے جرائم کو روکنے کے لئے فوری طور پرعملی اقدام کریں۔

پریس کانفرنس کے دوران اسلامی استقامتی تنظیم حماس کے رہنما حازم قاسم نے شعفاط کیمپ کے فلسطینیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ تحریک مزاحمت انہیں ہرگز اکیلا نہیں چھوڑے گی ۔

حازم قاسم نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس، غرب اردن اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں رہائش پذیر فلسطینیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ شعفاط کیمپ کا محاصرہ توڑنے اور غاصب صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے قدم آگے بڑھائیں ۔ انہوں تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ محاصرہ توڑ کر صیہونیوں کو اپنے ناپاک عزائم تک پہنچنے میں ناکام بنائیں ۔

اس موقع پر جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داؤد شہاب نے بھی زور دیکر کہا کہ مسلحانہ انتفاضہ کا شعلہ بھڑک چکا ہے اور فلسطینی شہادت پسند مجاہد، اس کو غرب اردن، بیت المقدس اور تمام مقبوضہ سرزمینوں تک شعلہ ور رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی فلسطینی عوام اور جہادی تنظیمیں مسلحانہ انتفاضہ جاری رکھنے پر مصمم ہیں ۔

ڈیموکریٹک محاذ برائے آزادی فلسطین کے سینیئر رکن محمود خلف نے بھی اس موقع پر صحافیوں سے کہا کہ موجودہ حالات میں عوامی استقامت کو تقویت پہنچانے اور قومی ایجنڈے کی تیاری کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تا کہ غاصب اسرائیلیوں کے خلاف ہر علاقے کے عوام اٹھ کھڑے ہوں ۔

واضح رہے کہ پیر کے روز مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع شعفاط فلسطینی کیمپ پرغاصب اسرائیلی فوجیوں نے دھاوا بول دیا جس کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین شدید مسلحانہ جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے شعفاط کیمپ کا محاصرہ کررکھا ہے اور فائرنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو ہسپتال پہنچنے سے روک رہے ہیں ۔

القدس بریگیڈ نے صیہونیوں کی اس جارحیت پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں تمام فلسطینی عوام اور مجاہدیں سے صیہونی دشمن کے حربوں اور ان کے ظالمانہ اقدامات کی جانب سے مکمل طور پر ہوشیار رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

 

ٹیگس