اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ کے اقدام کو سراہا
اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطین کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسکی قدردانی کی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی اراضی پر ناجائز قبضے کے حوالے سے فوری طور پر اپنی رائے سے آگاہ کرے۔
ارنا نیوز کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اتوار کی شام ایک بیان جاری کیا جس میں فلسطین کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
بیان میں آیا ہے کہ ہم ایک بار پھر عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کے سلسلے میں وہ اپنی کوششوں کو مزید تیز کرتے ہوئے مربوطہ قراردادوں کی روشنی میں فلسطین میں صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور جارحیت کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کرے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سیاسی اور انسداد سامراج کمیٹی نے ہفتے کے روز ایک ایسی قرارداد کے مسوے کو ووٹ دیا جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ انیس و سڑسٹھ کے بعد سے فلسطینیوں کے حقِ انتخاب کو نظر انداز کئے جانے کے عواقب و نتائج کے سلسلے میں عالمی عدالت انصاف فوری طور پر اپنی رائے سے آگاہ کرے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سب سے بڑے عدالتی ادارے کے بطور عالمی عدالت انصاف نے دوہزار میں یہ اعلان کیا تھا کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کی بنائی ہوئی نام نہاد سکیورٹی وال بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔