Dec ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں دو صیہونیت مخالف کارروائیاں

فلسطینی مجاہدین نے غرب اردن میں دو صیہونیت مخالف کاروائیاں انجام دی ہیں۔ دوسری جانب ، اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں دو فلسطینی مجاہدین شہید ہوگئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: الاقصی ٹی وی کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے جنوب مغربی جنین میں دوتان کے قریب واقع ایک اسرائیلی چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ 
اسی چینل نے اپنی ایک اور رپورٹ میں اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے صیہونی جارحیتوں کے جواب میں مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں واقع صیہونی بستی عوفرا میں ایک بس پر بھی فائرنگ کی ہے۔
صیہونی فوجی اور غاصب و انتہا پسند صیہونی جو باہر سے لاکر بسائے گئے ہیں ہر روز مختلف بہانوں سے حملے کرکے مظلوم فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیتے ہیں جس کے بعد فلسطینی بھی اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے جواب میں مزاحمتی کارروائیاں انجام دینے پر مجبور ہوئے ہیں ۔
پچھلے چند ماہ کے دوران غرب اردن میں فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے جس پر قابو پانے کے لیے صیہونی حکومت، اپنے ریزرو فوجیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو طلب کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ 
اس دوران اطلاعات ہیں کہ جنین کے واقعے اور دو فلسطینیوں کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی کے خوف سے اسرائیلی فوج کو چوکنا رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے آمدہ خبروں میں کہا گیا تھا کہ شمال مغربی کنارے کے شہر جنین پر حملے کے بعد غاصب صیہونی فوجیوں اور فسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جس کے دوران جنین فورس کے نام سے قائم مزاحمتی تنظیم کے جواں سال کمانڈر محمد ایمن السعدی اپنے ایک ساتھی نعیم جمال الزبیدی کے ہمراہ شہید ہوگئے 
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مسجد الاقصی پرصیہونیوں کے نئے حملوں کی بابت خبردار کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدس مقام کے تحفظ کے لیے بھرپور طریقے سے وہاں موجود رہیں۔
القدس سٹی میں حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد الاقصی کی صورتحال انتہائی نازک ہے اور ہمیں مسلمانوں کے قبلہ اول کی حفاظت کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا ہوگا۔ 
انہوں نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ مسجد الاقصی کے احاطوں اور صحنوں میں اپنی بھرپور موجودگی کو یقنی بنائیں تاکہ صیہونی غاصبوں کو قبلہ اول پر جارحیت سے روکا جاسکے۔ 
جہاد اسلامی فلسطین کے ایک رہنما احمد المدلل نے بھی اپنے ایک بیان میں تمام فلسطینیوں سے مسجد الاقصی کے تحفظ کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔ 
احمد المدلل کا کہنا ہے کہ جب تک صیہونی حکومت کا غاصبانہ قبضہ جاری ہے اس وقت تک تحریک مزاحمت بھی جاری رہے گی۔ 
انہوں نے جنین فورس کے شہید کمانڈر محمد ایمن السعدی اور نعیم الزبیدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قوم کے لیے شہیدوں کی وصیت یہ ہے کہ مزاحمت ہی آزادی و خود مختاری کے حصول کا واحد راستہ اور اس پر سختی سے گامزن رہنے کی ضرورت ہے۔ 

ٹیگس