شام، دیرالزور میں داعشی ہتھیاروں کا انکشاف
شامی فوج نے دیرالزور کے مضافاتی علاقوں سے داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے ہتھیاروں کا پتہ لگاکر انہیں ضبط کرلیا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق دیرالزور کے مشرقی مضافاتی علاقوں میں تعینات شامی فوجیوں نے ایک ایسی سرنگ کا پتہ لگایا ہے جس سے داعش دہشت گرد گروہ اپنے جنگی ساز سامان رکھنے کے لئے استعمال کرتا تھا۔
داعشی ہتھیاروں کے اس انکشاف کے بعد شامی فوج نے علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کی تلاش اور ان کا پتہ لگانے کا عمل تیز کر دیا ہے۔
اس سے قبل شام میں روسی امن مرکز کے نائـب سربراہ اولیگ ایگور نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ شامی فوج نے داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کی کاروائی شروع کی ہے جس میں چوبیس داعشی عناصر ہلاک ہوئے ہیں اور ان کے ہتھیاروں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ شامی شہروں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کے اعلان کے باوجود بعض علاقوں میں داعشی عناصر روپوش ہیں اور اس ملک کے بعض علاقوں سے داعشی عناصر اور اس دہشت گرد گروہ کے ہتھیاروں کے انکشاف کا سلسلہ جاری ہے۔