Dec ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کا صیہونی حکومت کو سخت انتباہ

عرین الاسود نامی مزاحمتی گروپ نے فلسطینی عوام سے، سرزمین فلسطین کو صیہونی فوجیوں کے لیے جنہم میں تبدیل کرنے کی اپیل کی ہے۔ حماس نے غرب اردن میں مزاحمتی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: مسجد الاقصی پر صیہونیوں کی یلغار کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عرین الاسود گروپ نے کہا ہے کہ ہمیں متحد ہوکر، غاصبوں اور صیہونی آباد کاروں کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔
عرین الاسود کے جاری کردہ بیان میں مقبوضہ فلسطین اور قدس شریف میں رہنے والے فلسطینیوں سے، اتوار تک مسجد الاقصی پہنچنے کی اپیل کی گئی ہے۔
مذکورہ مزاحمتی گروپ نے صہیونی آباد کاروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کے دھوکے میں نہ آئیں۔
بیان میں صہیونی آباد کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج تم سے جھوٹ بول رہی ہے تم اپنے گھروں میں رہو، بصورت دیگر ہم ہر جگہ تمارا پیچھا کریں گے۔
عرین الاسود نے یہ انتباہ ایسے وقت میں دیا ہے جب فلسطینی کے استقامتی فورسز نے اتوار کی صبح نابلس میں اسرائیلی فوج کی ایک چیک پوسٹ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
جنین بٹالین کے القدس بریگیڈ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ الجملہ چیک پوسٹ پر حملہ ہمارے مجاہدین نے کیا ہے۔
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے نابلس میں دو فلسطینی نوجوانوں کو گاڑی سے کچل کے شہید کئے جانے کے واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ہفتے کی شام ایک صیہونی آبادکار نے جنوبی نابلس میں واقع زعترہ چیک پوسٹ کے قریب  دو فلسطینی بھائیوں کو گاڑی سے کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک موقع پر ہی  جبکہ دوسرا  چند گھنٹے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ڈرپوک صیہونی آبادکار، فلسطینی نوجوانوں کو جان بوجھ کر گاڑی تلے روندنے کے بعد وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد حماس کے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ اسرائیل میں انتہاپسند حکومت کے قیام کا پہلا نتیجہ ہے جو فلسطینیوں کے خلاف صیہونی آبادکاروں کے جرائم اور جارحیت کی حمایت کرتی ہے۔
عبداللطیف قانوع نے اسرائیل کی انتہاپسند حکومت کے مقابلے کی غرض سے مغربی کنارے کے علاقے میں مزاحمت تیز کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی سے بھی کہا ہے کہ وہ صیہونی دشمن کے ساتھ سیکورٹی اور انٹیلی جینس تعاون ختم کرکے، مشترکہ جہادی اسٹریٹیجی پر عمل کرے۔

ٹیگس