Jan ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کا حملہ؛ ایک رات میں 8 فلسطینی گرفتار، متعدد زخمی، ایک کی حالت نازک

غرب اردن سے صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے مابین شدید جھڑپوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔


باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر کو صیہونی فوج کے ایک دستے نے بیت اللحم کے جنوبی مضافات میں واقع الدہیشہ کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر بری طرح زخمی کردیا ، بتایا جا رہا ہے کہ اس نوجوان کی حالت تشویشناک ہے۔ 
اس کے علاوہ صیہونی فوجیوں کی ایک بڑی جھنڈ نے قباطیہ ٹاؤن پر حملہ کیا جہاں مزاحمتی گروہوں نے ڈٹ کر ان کا مقابلہ کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، صیہونی فوجیوں کو جنین کے جنوبی علاقے میں ایک گاڑی کا تعاقب اور اس کی جانب گولی چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
ان ذرائع نے بتایا ہے کہ قباطیہ پر صیہونیوں کے حملے میں کم از کم دو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران چار فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ رات سے لیکر اب تک غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونیوں کی جارحیت کے دوران آٹھ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 
غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے کی زد میں حزما کالونی بھی آئی جہاں ایک وحشیانہ اقدام کے تحت صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی پندرہ دوکانوں کو مسمار کردیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ فلسطینیوں کے مکان اور دوکانوں کو منہدم کرکے، مستقبل میں فلسطینیوں کی زمینوں کو ہڑپنے اور مزید صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا راستہ ہموار کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں اور بھی فلسطینیوں کو آوارہ وطنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ادھر صیہونی فوج کے ایک ڈرون طیارے کو گولی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ واقعہ قباطیہ ٹاؤن میں پیش آیا ہے جس کی فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ 
یاد رہے کہ اسی نوعیت کا ایک واقعہ گذشتہ بدھ کو نابلس شہر میں پیش آیا جس کے دوران صیہونی ڈرون طیارے کو گولی مار کر گرادیا گیا تھا۔ 
صیہونی ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ یہ ڈرون تکنیکی مسائل کے نتیجے میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ 
اس سے قبل صیہونی فوج نے تیئیس دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ اسکائی رائیڈر ماڈل کا اس کا جنگی ڈرون طیارہ غزہ پٹی میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ 

ٹیگس