غزہ سے مقبوضہ علاقوں پر جوابی راکٹ حملے
غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران غزہ سے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر تقریبا تئیس راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے آس پاس کے صیہونی علاقوں میں خطرے کا سائرن بجنے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
صیہونی اخبار یدیعوت احارانوت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے پڑوس میں واقع صیہونی بستی کے علاقے ناحل عوز میں خطرے کا سائرن بجا اور اس علاقے پر راکٹ فائر ہونے کی خبـر دی گئی۔
بعض صیہونی ذرائع نے صیہونی بستیوں میں خطرے کا سائرن بجنے کی وجہ غزہ سے راکٹ فائر کیا جانا بتائی ہے جبکہ بعض ذرائع نے کہا ہے کہ غزہ سے میزائل داغا گیا ہے۔
فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے کہا ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔
اس درمیان عرین الاسود مزاحتی گروہ نے غرب اردن میں غاصب صیہونی حکومت کو کسی بھی قسم کی جارحیت کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
فلسطین الیوم نے رپورٹ دی ہے کہ عرین الاسود گروہ نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات سے دستبردار ہو جائیں اور غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں متحد ہوکر مستحکم اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔
عرین الاسود مزاحتی گروہ نے ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کی انتہا پسند کابینہ اور صیہونی حکومت کے اندرونی سلامتی کے وزیر بن گویر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے شیر الدہیشہ، قلندیا اور الجلزون کی کچھاروں سے باہر نکلیں گے اور ہمارے مجاہد سپاہی الخلیل، رام اللہ، بیت اللحم، قلقیلیہ، اریحا، طول کرم، سلفیت، جنین اور طوباس تک چھائے ہوئے ہیں۔
اس بیان میں اسی طرح کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی کابینہ کو بتایا جا چکا ہے ہمارے مجاہد تمہارے گھروں تک پہنچیں گے اور یافا، حیفا، عکا، اللد، الرملہ، عارہ، الناصرہ، ام الفخم اور النقب میں ہمارے شیر تمہارا تعاقب کریں گے اور ہم خاموشی کام کرتے ہیں جبکہ ہمارے مجاہد نامعلوم بھی نہیں ہیں۔
غاصب صیہونی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن مختلف فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں فلسیطنی شہید و زخمی ہو جاتے ہیں اور یا ان کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں غاصب صیہونیوں پر فلسطینیوں کے حملوں میں مغربی کنارے اور دریائے اردن کے علاقوں میں اتنی شدت آگئی ہے کہ صیہونی فوجی اورسیاسی ذرائع ان حملوں کا مقابلہ کرنے سے اپنی عاجزی و ناتوانی کا اظہار کرچکے ہیں اور ان حملوں میں مزید شدت اور پھیلاؤ کے خطرے کی وارننگ دے چکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کر کے بھی فلسطینیوں کے عزائم پسپا نہیں کر سکتی اور اسے اپنے کئے کی ہرجگہ سزا بھگتنا ہوگی۔