Jun ۱۳, ۲۰۲۵ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے: عالمی سطح پر رد عمل

دنیا بھر کے اعلیٰ حکام اور حکومتوں کی جانب سے اسرائیل کے ایران پر حملے اور جارحیت پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب، برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، جو اس کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے ہے اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

عمان نے اسرائیلی جارحیت کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پراسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس طرح کا جارحانہ رویہ ناقابل قبول ہے جو علاقائی امن و سلامتی کو مزید غیر مستحکم کرتا ہے۔

مسقط نے کہا کہ سلطنت عمان، اسرائیل کو اس کشیدگی اور اس کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس خطرناک اقدام کو روکنے کے لیے ایک مضبوط اور واضح موقف اپنائے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ ’انتونیو گوتریس مشرق وسطیٰ میں کسی بھی فوجی کشیدگی کی مذمت اور ایران کی جوہری تنصیبات پراسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں ۔

آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’آسٹریلیا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ سے پریشان ہے، اس سے ایک ایسا خطہ مزید غیر مستحکم ہونے کا خطرہ ہے جو پہلے سے ہی غیر مستحکم ہے، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسے اقدامات اور بیان بازی سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو‘۔

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفرلکسن نے کہا کہ یہ مشرق وسطیٰ میں واقعی ایک ناپسندیدہ اقدام ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی، ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں ہیں اور ہماری اولین ترجیح خطے میں امریکی افواج کی حفاظت ہے۔

ٹیگس