افغانستان؛ سیکورٹی اہلکاروں کے حملے میں 5 داعشی ہلاک
افغانستان میں سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں داعش سے وابستہ پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:صوبہ بلخ کی پولیس کے ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات سیکورٹی اہلکاروں نے مزارشریف شہر کے تین علاقوں میں واقع داعش کے ٹھکانوں پر کارروائی کی اور اس دوران پانچ داعشیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی اور گرفتار کرلیا۔
صوبہ بلخ کے پولیس ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا کہ اس کارروائی میں ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہوا اور داعشی عناصر کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے مزارشریف میں واقع تبیان ثقافتی مرکز پر ایک خودکش حملہ کیا گیا تھا جہاں صحافیوں سے متعلق ایک پروگرام چل رہا تھا۔ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔