ایران سعودی وزراء خارجہ کی ہفتے میں دوسری ٹیلی فونک گفتگو
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے گزشتہ ہفتے کے دوران دوسری بار ایک دوسرے سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس گفتگو میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدہ پر پیشرفت اور آئندہ دنوں میں ہونے والی ملاقات پر تبادلۂ خیال کیا۔
گزشتہ بدھ کے روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایک ٹیلی فونک گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو ماہ مبارک رمضان کی مبارک باد دی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے بیجنگ معاہدے کے دوران حاصل ہونے والے نتائج، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور سفارت خانہ کھولنے جیسے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا تھا۔
خیال رہے کہ بیجنگ میں ہوئے تہران ریاض معاہدے کے تحت آئندہ دنوں میں ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہونے والی ہے۔
اس گفتگو کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔