Apr ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • شیخ عدنان کو کچھ ہوا تو صیہونی حکومت کو اس کا انجام بھگتنا پڑے گا: جہاد اسلامی فلسطین

اگر شیخ خضر عدنان کی جان کو خطرہ لاحق ہوا یا انہیں شہید کیا گیا تو صیہونی حکومت کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کے اعلی عہدے دار خالد البطش نے شیخ خضر عدنان سمیت صیہونی جیلوں میں قید دیگر فلسطینیوں کی فوری رہائی اور ان کی جان کی حفاظت کے لئے  فلسطینی عوام سے اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔ 

خالد البطش نے کہا ہے کہ خضر عدنان کو بے بنیاد الزامات عائد کرکے اور غیرمنصفانہ عدالتی کارروائی کے بعد قید کیا گیا ہے جو کہ ان کے خلاف ایک کھلی سازش کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے۔ 

اس کے علاوہ جہاد اسلامی فلسطین تنظیم کی جانب سے یوم فلسطینی قیدی کی مناسبت سے ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ صیہونی جیلوں میں قید فلسطینی، صیہونی دشمن کے مقابلے میں صف اول پر کھڑے ہیں اور فلسطین کے ان سپوتوں نے ہر دور میں اپنا تاریخی کردار نبھایا ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ خضر عدنان جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما ہیں جنہیں صیہونی حکومت نے گذشتہ پانچ فروری کو گرفتار اور ایک نمائشی عدالت کے بعد قید کردیا تھا۔ خضر عدنان نے صیہونی حکومت کی جانب سے اس غیرقانونی گرفتاری کے خلاف بہتّر روز سے بھوک ہڑتال کی ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی جسمانی حالت روز بروز بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ اس وقت پانچ ہزار فلسطینی صیہونی عقوبت خانوں میں قید ہیں جن میں سے بڑی تعداد کو بغیر کسی عدالتی کارروائی اور نامعلوم مدت کے لئے قید کیا گیا ہے۔

ٹیگس