اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والے اسلامی ممالک کو انصاراللہ کے سربراہ کا سخت انتباہ
انصار اللہ یمن کے سربراہ الحوثی نے صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کے قیام کی کوششوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجرم کے ساتھ تعلقات کا کوئی جواز نہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تفصیلات کے مطابق، یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے صہیونی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کی بحالی کے خلاف سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدام کے لیے کوئی اخلاقی، سیاسی یا تاریخی جواز موجود نہیں۔ انہوں نے بعض عرب ممالک کی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ ممالک یہ دعوی کررہے ہیں کہ اسرائیل کا تسلط ایک ناقابل اجتناب حقیقت بن چکا ہے اور اب صرف یہ دیکھا جانا چاہیے کہ عوام خود کو اس کے مطابق کیسے ڈھالیں اور اسے قبول کریں۔
عبدالملک الحوثی نے اس مؤقف کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوچ رکھنے والے افراد تاریخی حقائق اور زمانے کی تبدیلیوں سے ناواقف ہیں اور معاملات کو سطحی انداز میں دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں ایک مجرم اور درندہ صفت دشمن کے سامنے وفاداری کا اظہار کرنا، تعلقات معمول پر لانا یا ہتھیار ڈال دینا قابل قبول نہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایسے دشمن کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوئی بنیاد نہیں ہوسکتی جس کی مستقل فکر امت پر غلبہ اور معاشروں کی تباہی ہو، اور جو دوسروں کے لیے انسانی وقار کا قائل نہ ہو۔