شام اور ایران کا اتحاد مزید بلندیوں تک جائے گا: شام کے صدر بشار اسد
دمشق میں ایران اور شام کے صدور نے اپنی ملاقات کے بعد متعدد سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی اس موقع پر صدر بشار اسد نے ایران کو مشکل دور کا دوست قرار دیتے ہوئے تہران کے ساتھ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے پر زور دیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام:اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور شام کے صدر بشار الاسد کی موجودگی میں متعدد سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے جس کے بعد دونوں صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
شام کے صدر بشار اسد انے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ ایام میں پیش آنے والے واقعات، ایران اور شام کی حکمت عملی کے درست ہونے کی عکاسی کرتے ہیں اور ان اصولوں پر ثابت قدم رہنا، باعث بنے گا کہ مختلف واقعات اور اس کے نتائج سے اپنے ممالک اور قوموں کے حق میں استفادہ کرسکیں۔
شام کے صدر بشار اسد نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ مثبت واقعات سے بھرپور استفادہ کرکے اور علاقے کے ممالک کے مابین تعلق میں بہتری لاکر، سامراجی اور استعماری طاقتوں کا بہترین انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی بنا پر ہم اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ مغربی ایشیا جیسے اہم علاقے اور یہاں پر واقع ممالک پر اس تبدیلی کے بہت ہی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔
شام کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر رئیسی کے ساتھ جن معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کیا گیا اور جن منصوبوں کے بارے میں گفتگو ہوئی، ان سے تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اس موقع پر پرامن ایٹمی توانائی کے ایران کے حق پر زور دیتے ہوئے اسے ایران کے لئے توانائی کے ایک اہم ذخیرے، سائنسی ترقی کا بہترین طریقہ کار اور قومی خوشحالی و پیشرفت کی ایک اہم بنیاد قرار دیا۔ شام کے صدر نے زور دیکر کہا کہ مغربی دنیا آج بھی ایران کو ایٹمی سائنس سمیت ہر طرح کے علم سے محروم رکھنا چاہتی ہے جو کہ دنیا کو جاہل، پسماندہ اور غریب رکھنے کی سامراجی طاقتوں کی پرانی پالیسی رہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ایٹمی توانائی کے حصول کے لئے ایران کی جد و جہد اور ایثار کے جذبے کو قابل قدر قرار دیا۔
دوسری جانب صدر مملکت نے دورہ شام کے موقع پر جناب زینب کبری سلام اللہ علیہا کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے اس موقع پر شامی عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی طاقتوں اور ان کے پٹھووں نے شام کے خلاف بارہ سال تک پیچیدہ سازشیں رچیں، فتنہ پروری کی، داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کو حرام کا مال کھلایا اور اپنے وسیع پروپیگینڈے کی آڑ میں، شام کے مظلوم عوام اور بچوں کا قتل عام اور انہیں بے گھر کیا لیکن ان تمام سفاکانہ مظالم کے باوجود آج شام سرفراز ہوکر کھڑا ہے جبکہ اسلام اور مسلم مجاہدوں کے دشمنوں کو شکست، ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔