May ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کے مقابلے میں استقامت

غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں نے جارحیت کا مظاہرہ کیا جبکہ فلسطینی نوجوانوں نے اس جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غرب اردن کے شمال میں واقع شہر طولکرم کے نور شمس کیمپ پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں کم سے کم ایک صیہونی فوجی زخمی ہو گیا ۔ رپورٹ کے مطابق طولکرم کے فلسطینیوں نے فلسطین کی تحریک مزاحمت کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غرب اردن میں طولکرم میں واقع نور شمس کیمپ پر حملہ کرتے ہوئے ایک فلسطینی شہری کے رہائشی مکان کو تباہ کر دیا جبکہ فلسطینیوں نے صیہونی فوجیوں کو نور شمس کیمپ میں داخل نہیں ہونے دیا۔

پیر کے روز بھی صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مغرب میں واقع بیتوتا میں ایک اسکول کو جارحیت کا نشانہ بنایا ۔ اس موقع پر صیہونی فوجیوں نے اسکول کے طلبا کو اسکول سے باہر نکلنے سے روک دیا اور اسلجہ دکھاتے ہوئے انھیں مرعوب کرنے اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی۔

دوسری جانب فلسطینی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے مشرقی اریحا میں سما اریحا نامی علاقے پر حملہ کیا اور بیت المقدس کے ایک فلسطینی شہری کے مکان کو تباہ کر دیا۔

دریں اثنا جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ فلسطینی عوام صیہونی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوں گے اور وہ اس جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرتے رہیں گے ۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی جارحیت سے فلسطینیوں کا عزم مزید مضبوط و مستحکم ہو گا اور فلسطینی شہدا کا خون اپنا رنگ دکھاتا رہے گا جس کا نتیجہ فلسطینیوں کے حق میں اچھا ہی نکلے گا۔

اس سے قبل جارح و غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے مقبوضہ علاقوں پر تابڑ توڑ حملے اور راکٹ و میزائل برسائے ۔ صیہونی حکومت فلسطینیوں کے جوابی میزائل حملوں سے شدید طور پر وحشت میں مبتلا ہے اور صیہونیوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔

فلسطینی انفارمیشن سینٹر نے اس سے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ دو ہزار تئیس کے آغاز سے اب تک غاصب صیہونی فوج نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں ایک سو انیس رہائشی مکانات اور اپارٹمنٹس کو منہدم کیا جن میں سے نو رہائشی مکانات فلسطیی شہدا اور فلسطینی قیدیوں کے گھرانوں سے متعلق رہے جنہوں نے صیہونی فوج کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

صیہونی حکومت کی طرف سے فلسطینی مجاہدین کے گھروں کو تباہ کرنے کا مقصد، صیہونیوں کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں سے دوسروں کو روکنا ہے تاہم شجاعانہ مزاحمتی کارروائیاں انجام دینے والے افراد کے گھروں کو تباہ کرنے کی پالیسی کی ناکامی ثابت ہو چکی ہے اور مزاحمتی کارروائیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے غرب اردن اور مقبوضہ فلسطین میں پچیس صیہونی مخالف کارروائیاں انجام دی گئیں۔

ٹیگس