Jun ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • جنگ سے متاثر بچوں کا عالمی دن، فلسطینی بچوں کی آواز سنی جائے، حماس کی اپیل

جنگ سے متاثر بے گناہ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینی بچوں اور ان پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطین کی حماس تنظیم نے ایک تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: جنگ کے بھینٹ چڑھنے والے بے گناہ بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے، فلسطین کی اسلامی استقامتی تنظیم حماس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں معصوم فلسطینی بچوں پر صیہونیوں کے مظالم کے خلاف قانونی کارروائی اور ان جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

حماس کے بیان میں آیا ہے کہ فلسطینی بچوں کے خلاف غاصب صیہونیوں کے روز افزوں جرائم سے فلسطینی قوم کا عزم و ارادہ ذرہ برابر بھی کم نہیں ہو گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام اپنے حق اور اپنی سرزمین کے حصول اور مسجد الاقصی کے تحفظ کے ہدف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

حماس کے بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت بچوں پر جو مظالم ڈھارہی ہے اسے روکنے اور اس کا پردہ فاش کرنے کی ذمہ داری ، تمام ممالک، عدالتی مراکز اور انسانی حقوق کے شعبے میں سرگرم اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

فلسطین کی حماس تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا دن معصوم فلسطینی بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، سفاکانہ اقدامات اور صیہونی حکومت کے بڑھتے جرائم کی یاد دلاتا ہے۔ حماس کے بیان میں ان اٹھائیس بچوں کی مظلومانہ شہادت کا ذکر کیا گیا ہے، جنہیں صیہونی فوجیوں نے رواں سال میں اب تک شہید کیا ہے۔

حماس کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غزہ پٹی کے محاصرے سے سب سے زیادہ فلسطینی بچے متاثر ہو رہے ہیں اور تل ابیب کے وحشیانہ اقدامات کے تحت ایک سو سڑسٹھ فلسطینی بچوں کو صیہونی جیلوں میں قید کیا گیا ہے اور ان پر وحشیانہ جسمانی اور نفسیاتی تشدد کرکے تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ صیہونی قید خانوں میں چھے ایسے کمسن بچے موجود ہیں جنہیں کسی عدالتی کارروائی کے بغیر ہی قید میں رکھا گیا ہے ۔ حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری نے فلسطینی بچوں کے خلاف غاصب صیہونیوں کے مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جسے تل ابیب مزید جرائم کے لئے ایک ہری جھنڈی کے طور پر دیکھتا اور اس کے نتیجے میں مزید معصوم فلسطینی بچے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات کی زد میں آئیں گے۔

حماس نے تمام ممالک، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فلسطینی بچوں کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ یہ بچے بھی آزادانہ، پر وقار اور با عزت زندگی گزار سکیں اور دنیا کے باقی بچوں کی طرح اپنے ابتدائی حقوق حاصل کرسکیں۔

ٹیگس