Jun ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۳ Asia/Tehran
  • مشرقی جنین میں صیہونی ڈرون کا فلسطینی گاڑی پر حملہ، تین فلسطینی شہید

صیہونی فوج نے جنین میں جلمہ چیک پوسٹ کے قریب ایک فلسطینی گاڑی پر ڈرون سے حملہ کردیا، 2005 کے بعد سے صیہونی فوج کے ذریعے ڈرون سے حملوں کا یہ پہلا واقعہ ہے

سحرنیوز/دنیا: صیہونی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنین میں جلمہ چیک پوسٹ کے قریب صیہونی فوج نے ایک فلسطینی گاڑی پر ڈرون سے حملہ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے- یہ حملہ ھرمس 450 ڈرون کےذریعے کیا گیا۔فلسطینی ھلال احمر کی رپورٹ کے مطابق حملے کے وقت گاڑی میں 5 افراد سوار تھے۔رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ کھیل کے قانون آج سے بدل گئے ہیں۔حماس، جہاد اسلامی اور سرایا القدس کی جنین بٹالین نے اس ڈرون حملے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کو اس ہوائی حملے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔حماس کے ایک سینئر رکن اسماعیل رضوان نے کہا ہے کہ جنین میں فلسطینیوں کے خلاف ڈرون کا استعمال ایک خطرناک اقدام ہے۔جہاد اسلامی کے رہنما عبدالجواد العطار نے صیہونی فوج کے ڈرون حملے پر کہا کہ مزاحمتی فورسز صیہونی مظالم پر خاموش نہیں رہیں گی اور فلسطینی قوم کا دفاع جاری رکھیں گی۔ جب کہ سرایا القدس کی جنین بٹالین نے اپنے بیان میں اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن نے چند مجاہدین کو ڈرون سے نشانہ بنانے کا احمقانہ فیصلہ کرکے انہیں شہید کر دیا اور ان کی لاشیں بھی واپس نہیں کیں، دشمن کو اس کا حساب دینا ہو گا، یہ دہشت گردانہ کاروائیاں ہمارے عزم و ارادے کو صیہونی دشمن کے مقابلے میں کمزور نہیں کریں گی اور صیہونی حکومت کو اس کا تاوان دینا پڑے گا۔

ٹیگس