فلسطینی انتفاضہ کے آگے صیہونی بے بس، تمام اسرائیلیوں کو مسلح کرنے کی تجویز
فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غرب ردن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے کل رات غرب اردن میں نابلس کے جنوب میں واقع کفر قلیل کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اسی طرح غرب اردن میں نابلس کے مشرق میں واقع علاقے سالم اورمقبوضہ بیت المقدس میں شعفاط کیمپ پر حملہ کیا۔
درایں اثناء صیہونی پارلیمنٹ کے رکن یستحاق کرویزرنے فلسطینیوں پرحملہ کرنے کیلئے تمام صیہونی آباد کاروں کو مسلح کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صیہونی پارلیمنٹ کے اس انتہا پسند رکن نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینیوں کی انتفاضہ اور ان کی استقامت و مزاحمت کا مقابلہ کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ تمام اسرائیلیوں کو مسلح کردیا جائے۔
صیہونی پارلیمنٹ کے اس انتہا پسند رکن نے یہ تجویز ایسے میں پیش کی ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حالیہ ایک مہینے کے دوران صیہونی انتہا پسندوں کے حملے جاری ہیں، جن میں فلسطینیوں کے مکانات، ان کی گاڑیوں اوران کی زرعی اراضی کو خاصا نقصان پہنچایا گیا اور ان کو نذر آتش کردیا گیا۔ اس دوران ایک سو سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔