صیہونیوں کے ہاتھوں مسجد الاقصی کی بے حرمتی
صیہونی فوج کی حمایت میں آج صبح سینکڑوں صیہونیوں نے مسجدالاقصی میں گھس کر اس کی بے حرمتی کی ہے، یہ بے حرمتی صیہونیوں کا نیا سال شروع ہونے کے موقع پر کی گئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق آج صبح سینکڑوں صیہونیوں نے، صیہونی فوج کی حمایت اور تعاون کے ساتھ مسجد الاقصی میں گھس کر اس کی بے حرمتی کی۔ رپورٹ کے مطابق اس کام کےلئے مسجد الاقصی میں 50 سال سے کم عمر فلسطینی مسلمانوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے مسلمانوں نے مسجد اقصی کو بے حرمتی سے بچانے کےلئے مسجد میں اعتکاف اور مسجد میں ہی ٹھہرنے کی کال دی تھی تاکہ یہودیوں کا نیا سال شروع ہونے کے موقع پر یہودیوں کو مسجد اقصی میں داخل ہونے اور اس کی بے حرمتی سے روکا جا سکے۔ شعطاف کیمپ کے فلسطینی جوانوں کی انجمن نے کہا ہے کہ اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مسجد اقصی میں قیام کریں، اعتکاف کریں تاکہ صیہونیوں کے اس منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے جو وہ مسجد اقصی کو یہودی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صیہونی ریاست نے یہودیوں کا نیا سال شروع ہونے کے موقع پر شھر قدس میں جگہ جگہ چیک پوسٹ قائم کر رکھی ہیں اور شھر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔