Dec ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی فوجیوں کی شدید فائرنگ، مزید 5 فلسطینی شہید

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن اور الخلیل میں غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے ہاتھوں پانچ اور فلسطینی شہید ہو گئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ذرائع کے مطابق ایک فلسطینی جوان جو قلقیلیہ میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شدید طور پر زخمی ہو گيا تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گيا ۔ ایک فلسطینی جوان نابلس میں حوارہ چیک پوسٹ کے پیچھے صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہوا اورتیسرا فلسطینی جوان نابلس کے مشرق میں عسکر کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے بعد ہونے والی جھڑپ میں صیہونی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ سے شہید ہوا۔

غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے آج مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع شہر الخلیل پر بھی حملہ کیا جہاں دو فلسطینی شہید ہوئے جبکہ صیہونی فوجیوں نے بیت اللحم میں فلسطینیوں کے ایک مکان کو جارحیت کا نشانہ بنایا اور ایک فلسطینی طالبہ کو حراست میں لے لیا ۔غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے الخلیل میں رہائشی مکانات پر حملہ کر کے دو فلسطینی طالبات کو حراست میں لیا۔

ٹیگس