صیہونی آبادیوں پر فلسطینی مجاہدین کے حملے
وحشیانہ صیہونی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت میں شامل مختلف گروہوں نے مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع صیہونی آبادی کے علاقے سدیروت کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی گروہوں کی جوابی کاروائی کے نتیجے میں صیہونی آبادی کے مختلف علاقوں میں خطرے کا سائرن بجنے لگا۔ صیہونی آبادی کے علاقے سدیروت کو غزہ کے رہائشی علاقوں پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کے جواب میں نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع رفح کے رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی جس میں متعدد فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔
دریں اثنا جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے کہا ہے کہ غزہ کی جنگ کا مقصد تحریک استقامت کا مقابلہ کرنا نہیں بلکہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے ترجمان ابو حمزہ نے غزہ میں صیہونی قیدیوں کے بارے میں بھی کہا ہے کہ ان قیدیوں کو غزہ میں جنگ بند ہون اور جارحیت ختم ہونے کی صورت میں مذاکرات کے ذریعے، نکالے جانے والے حل کی بنیاد پر رہا کیا جا سکتا ہے۔ اس ترجمان نے صیہونی فوجی گاڑیوں کو پہنچائے جانے والے نقصان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کا نتیجہ بہرحال فلسطینیوں کی کامیابی کی شکل میں ہی نکلے گا۔