Feb ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • غزہ میں پھر قتل عام ، تازہ جارحیت میں سو شہید ایک ہزار کے قریب زخمی

جارح اسرائیلی فوج نے اپنے تازہ حملے میں غزہ شہر کے النابلسی اسکوائر پر مدد کے انتظار میں کھڑے فلسطینی شہریوں پر حملہ کرکے سو سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور ایک ہزار سے زائد کو زخمی کردیا-

سحرنیوز/ عالم اسلام: المیادین نیٹ ورک نے رپورٹ دی ہے کہ غزہ شہر میں الرشید اسٹریٹ کے قریب النابلسی اسکوائر میں صیہونی حکومت کے تازہ حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 100 سے زائد اور زخمیوں کی تعداد تقریباً 1000 تک پہنچ گئی ہے۔

اس سے قبل رپورٹس میں ستر فلسطینی شہری شہید اور چھ سو دیگر زخمی ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی اور اب المیادین نیٹ ورک نے غزہ میں اپنے نامہ نگار کا حوالہ دیتے ہوئے اس تعداد میں اضافے کی اطلاع دی ہے- اس سے قبل فلسطینی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ غزہ کی پٹی کے مرکز اور جنوب میں گذشتہ رات صہیونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں 47 فلسطینی شہداء کو "دیر البلح" کے "شہداء الاقصی" اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

خبر رساں ذرائع نے بھی غزہ  کے جنوب میں واقع شہر "رفح" کے مشرقی علاقوں اور "خان یونس" کیمپ پر صیہونی حکومت کی فوج کے توپ خانے کے حملوں کے جاری رہنے کی خبر دی ہے۔ شمالی غزہ پر بھی آج صبح صہیونی فوج کی جانب سے بمباری اور گولہ باری کی گئی ہے-

فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین اعدادوشمار میں اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد تیس ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ اکہتر ہزار سے زائد فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز کو چار ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، جب کہ اس بحران کے حل کے لیے ثالثوں کی کوششیں جاری ہیں، قابض فوج اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور نہتے فلسطینیوں پر گولہ باری کے علاوہ ان کا محاصرہ کر کے غزہ میں انسانی امداد کی روک تھام کر رہی ہے جس نے غزہ کی صورتحال کو مزید تباہ کن بنا دیا ہے۔

 

ٹیگس