غزہ میں صیہونی مظالم فوری بند کئے جانے کا او آئی سی کا مطالبہ
اسلامی تعاون کی تنظیم کے ملکوں کے وزرائے خارجہ نے جدہ اجلاس کے اختتامی بیان میں، غیر مشروط طور پر غزہ میں صیہونی حکومت کے مظالم فوری بند کئے جانے کامطالبہ کیا ہے
سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے ممالک کے وزرائے خارجہ نےاسی طرح غزہ میں کسی روک ٹوک کے بغیر انسان دوستانہ امداد کی فراہمی کے لئے گذرگاہیں کھولے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے- اس بیان میں اسی طرح غزہ میں اجتماعی قتل جاری رہنے کے ساتھ ہی نسلی تطہیر کے بارے میں بھی خبردار کیا گيا ہے-
او آئي سی کے ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس بیان کے اختتام پر غزہ میں حملے بند کئےجانے کے مقصد سے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئےعالمی برادری سے عملی اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس ، غزہ کی صورت حال کاجائزہ لینے کے لئے سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا۔
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے اس سے قبل بھی غزہ کی صورت حال کا جائزہ لینے کی غرض سے گذشتہ سال اٹھارہ اکتوبر کو سعودی عرب کے شہرجدہ میں، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی سطح پر اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا تھا-