غزہ کے مختلف علاقوں پر جارح صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ بمباری
المغازی کیمپ اور رفح شہر پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے میں کم از کم اٹھارہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں
سحرنیوز/ عالم اسلام : المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے المغازی کیمپ پر بمباری کی ہے۔ ایک اور خبر کے مطابق صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے النصیرات کیمپ کے شمال میں اور حی التفاح کے مشرق نیز خان یونس پر بھی بمباری کی ہے۔
دوسری جانب صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات غزہ پٹی کے جنوبی علاقے میں ایک گھر پر بمباری کر کے سات فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ ارنا نے قطر کے الجزیرہ ٹی وی چینل کےحوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جس گھر پر حملہ کیا گيا وہ رفح شہر کے مرکز میں واقع ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے خبر دی ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد تینتیس ہزار آٹھ سو تینتالیس تک پہنچ گئي ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ صیہونی فوج نے گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران پانچ بار وحشیانہ حملے کئے جن کے نتیجےمیں چھیالیس فلسطینی شہید اور ایک سو دس زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطین کی شہری دفاع کی تنظیم نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ خان یونس کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے پندرہ فلسطینیوں کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔