May ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • رفح پر صیہونی فوج کے حملوں میں کم سے کم ساٹھ فلسطینی شہید

پوری عالمی برادری کی شدید ترین مخالفتوں کے باوجود غاصب صیہونی فوج نے رفح پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ رفح پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کم سے کم ساٹھ فلسطینی شہری شہید ہوگئے ۔

رفح کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباریوں اور توپوں نیز ٹینکوں کی گولہ باریوں میں درجنوں عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق رفح پر غاصب صیہونی فوجیوں کے تازہ حملوں ميں بھی شہید اور زخمی ہونے والوں کی اکثریت عورتوں اور بچوں پر مشتمل ہے۔

رپورٹوں میں اسی کے ساتھ رفح کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور استتقامتی فلسطینی محاذ کے جوانوں کے درمیان جھڑپوں کی بھی خبر ہے۔

دوسری جانب فلسطین کی سما خـبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ صیہونی فوج کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کی صبح غزہ شہر میں ایک مکان پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت تین افراد شہید ہوگئے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جبالیہ کیمپ پر بھی صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کی ہے جس میں متعدد عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔

جمعرات کو صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر بھی حملہ کر دیا جس کے بعد غاصب اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئيں۔

غرب اردن میں بھی صیہونی فوجیوں کے حملوں میں متعدد فلسطینیوں کے شہید ہونے کی خبر ہے۔

 

ٹیگس